بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے منگل کو برلن میں کہا کہ ہندوستان "چین سے کاروبار کے لئے بند نہیں ہے”، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان کا ملک بیجنگ کے ساتھ کن شعبوں میں کاروبار کرے اور کن شرائط پر۔
جوہری ہتھیاروں سے لیس ایشیا کے دو بڑے ملکوں کے درمیان تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں جب 2020 میں ہمالیائی سرحد پر ان کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں 20 ہندوستانی اور چار چینی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
اس کے بعد ہندوستان نے چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی جانچ پڑتال سخت کر دی اور بڑے منصوبوں کو روک دیا۔
تاہم، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سمیت سرکاری حکام نے حال ہی میں ملک میں مزید چینی سرمایہ کاری کی اجازت دینے کی تجاویز کی حمایت کی ہے۔
جولائی میں جاری کردہ تازہ ترین سالانہ اقتصادی سروے سے پتہ چلتا ہے کہ اپنی عالمی برآمدات کو بڑھانے کے لیے، ہندوستان یا تو چین کی سپلائی چین میں ضم کر سکتا ہے یا چین سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو فروغ دے سکتا ہے۔
جے شنکر نے برلن میں ایک کانفرنس میں کہا، "ہم چین سے کاروبار کے لیے بند نہیں ہیں… میرے خیال میں مسئلہ یہ ہے کہ آپ کن شعبوں میں کاروبار کرتے ہیں اور آپ کن شرائط پر کاروبار کرتے ہیں؟ یہ بلیک اینڈ وائٹ جواب سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے،” ۔
روئٹرز نے جولائی میں رپورٹ کیا تھا کہ بھارت غیر حساس شعبوں جیسے سولر پینلز اور بیٹری مینوفیکچرنگ میں چینی سرمایہ کاری پر پابندیوں میں نرمی کر سکتا ہے جہاں نئی دہلی کے پاس مہارت کا فقدان ہے اور جو گھریلو مینوفیکچرنگ میں رکاوٹ ہے۔
ہمالیہ میں فوجی تعطل کے خاتمے کے لیے سفارتی اور فوجی مذاکرات میں سست پیش رفت ہوئی ہے۔
سرمایہ کاری کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ، بھارت نے 2020 سے تمام چینی شہریوں کے ویزا کو بھی تقریباً بلاک کر دیا ہے، لیکن وہ چینی تکنیکی ماہرین کے لیے ان میں آسانی پیدا کرنے پر غور کر رہا ہے، کیونکہ اس سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں رکاوٹ آئی ہے۔
نئی دہلی نے چین کے ساتھ کاروبار بند نہیں کیالیکن مسئلہ یہ ہے کہ کاروبار کن شرائط پر ہو، بھارتی وزیر خارجہ
