بھارت نے مریدکے میں گورنمنٹ ایجوکیشنل اینڈ ہیلتھ کمپلیکس پر چار میزائل داغے، جس کے نتیجے میں ایک مسجد شہید ہوگئی اور تین مکانات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ حملے میں ایک بزرگ شہری جاں بحق، دو افراد لاپتہ، اور تین زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق بھارت کی جانب سے حملہ شہری آبادی پر کیا گیا جہاں اسکول، مدرسہ، ہسپتال اور سینکڑوں گھر موجود ہیں۔
حکام کے مطابق، شہری آبادی، تعلیمی اداروں اور ہسپتال پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کے 5 مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے جن میں سویلین آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے کو نشانہ بنایا۔
حملوں کے بعد پاکستان نے اپنی ایئراسپیس فوری طور پر بند کر دی اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 2 جنگی جہاز مار گرائے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایل او سی کے قریب دودنیال سیکٹر میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور ایک فوجی پوسٹ کو میزائل حملوں سے تباہ کر دیا گیا۔