Kremlin spokesman Dmitry Peskov

شمالی کوریا کے ساتھ سٹرٹیجک تعاون کا معاہدہ بالکل واضح ہے، روس

روس نے منگل کو اعلان کیا کہ شمالی کوریا کے ساتھ اس سال کے شروع میں طے پانے والا معاہدہ مختلف شعبوں میں "اسٹریٹیجک تعاون” قائم کرتا ہے۔ تاہم حکام نے معاہدے میں شامل باہمی دفاعی شق کے نفاذ کے بارے میں تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جون میں پوتن کے دورہ پیانگ یانگ کے دوران اس معاہدے کو باضابطہ شکل دی، جس میں باہمی مدد کی ایک شق شامل ہے جو دونوں ممالک کو بیرونی خطرات کے خلاف ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا پابند کرتی ہے۔

جب اس معاہدے کے مضمرات کے بارے میں سوال کیا گیا، خاص طور پر کہ آیا یہ روس کو جزیرہ نما کوریا کے ممکنہ تنازع میں شمالی کوریا کی حمایت یا اس کے برعکس مغربی ممالک کے ساتھ تصادم میں شامل کر سکتا ہے، کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ معاہدے کی زبان "کافی واضح” تھی۔ اور مزید وضاحت کی ضرورت نہیں تھی۔ پیسکوف نے اس بات پر زور دیا کہ یہ معاہدہ "سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں حقیقی معنوں میں اسٹریٹجک گہرے تعاون کی نشاندہی کرتا ہے۔”

جزیرہ نما کوریا پر بڑھتی ہوئی کشیدگی واضح طور پر سامنے آئی ہے، خاص طور پر جب شمالی کوریا کی جانب سے بھاری قلعہ بند سرحد کے اطراف میں بین کوریائی سڑکوں اور ریلوے کے حصوں کو تباہ کر دیا گیا، جس کی وجہ سے جنوبی کوریا کی فوج کو وارننگ فائر کرنا پڑے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حال ہی میں شمالی کوریا پر روس کی فوجی کوششوں کی حمایت کے لیے اہلکار بھیجنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے انھیں یوکرین میں "جنگ میں شمالی کوریا کی شمولیت” کے بارے میں مطلع کیا۔ امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے روس کو بیلسٹک میزائل اور گولہ بارود فراہم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  امریکی دباؤ پاکستان کو ایران سے معاہدہ پورا کرنے نہیں دے رہا، خواجہ آصف

ماسکو اور پیانگ یانگ دونوں نے ہتھیاروں کی منتقلی کے ان الزامات کی تردید کی ہے لیکن اپنے فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے ارادے کا اظہار کیا ہے جس میں مشترکہ مشقیں شامل ہو سکتی ہیں۔ گزشتہ ہفتے پیسکوف نے یوکرین میں شمالی کوریا کے فوجیوں سے متعلق دعووں کو غلط معلومات قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

یہ پوچھے جانے پر کہ آیا روس اور ایران کے درمیان آئندہ شراکت داری کے معاہدے میں باہمی دفاعی شق شامل ہو سکتی ہے، پیسکوف نے منگل کو جواب دیا، "نہیں۔ ہم اس کے مواد کو حتمی شکل دینے کے بعد بات کریں گے۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے