متعلقہ

مقبول ترین

غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ قریب، مذاکراتی ٹیموں کی آج دوحہ میں پھر ملاقات

امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے قریب ہے، اس اعلان کے بعد مذاکرات کاروں کا منگل کو دوحہ میں اجلاس ہونے والا ہے جس کا مقصد غزہ میں تنازع کو ختم کرنے کے منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینا ہے۔

ثالثوں نے پیر کو اسرائیل اور حماس کو معاہدے کا حتمی مسودہ فراہم کیا، بات چیت سے واقف ایک اہلکار کے مطابق، رات گئے بات چیت کے دوران ایک اہم پیش رفت ہوئی جس میں سبکدوش ہونے والی امریکی انتظامیہ اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں کے نمائندے شامل تھے۔

بائیڈن نے پیر کے روز ایک تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ مجوزہ معاہدہ یرغمالیوں کی رہائی کو محفوظ بنائے گا، دشمنی بند کرے گا، اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنائے گا، اور فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد میں نمایاں اضافہ کرے گا جنہوں نے حماس کی طرف سے شروع کیے گئے تنازعے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کیا ہے۔

اگر جنگ بندی کا معاہدہ کامیاب ہوتا ہے، تو یہ ایک سال کے دوران وقفے وقفے سے جاری مذاکرات کا اختتام ہو گا اور اس کے نتیجے میں تنازع کے ابتدائی مراحل کے بعد سے اسرائیلی یرغمالیوں کی سب سے بڑی رہائی ممکن ہو گی، اس سے پہلے حماس نے اسرائیل کے زیر حراست 240 فلسطینیوں کے لیے تقریباً نصف قیدیوں کا تبادلہ کیا تھا۔

اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قطر نے دوحہ مذاکرات کے دوران جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کا متن دونوں فریقوں کو پیش کیا۔ بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر، جیک سلیوان نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کا قوی امکان ہے، کیونکہ فریقین اتفاق رائے تک پہنچنے کے بہت قریب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں  اسرائیل نے لبنان پر فضائی بمباری شروع کردی

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے نوٹ کیا کہ اگلا اقدام حماس کے ہاتھ ہے، جس نے معاہدے پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

ایک اسرائیلی اہلکار نے اشارہ کیا کہ جاری مذاکرات کے حصے کے طور پر 33 یرغمالیوں کی ممکنہ رہائی کے حوالے سے بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ میں اب بھی 98 یرغمالی باقی ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے، اور حالات پہلے سے کہیں زیادہ سازگار دکھائی دے رہے ہیں۔ میں اپنے امریکی اتحادیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ وہ یرغمالیوں کے معاہدے کو آسان بنانے کی خاطر خواہ کوششیں کر رہے ہیں۔”

حماس کے ایک نمائندے نے تبصرہ کیا کہ "کئی اہم معاملات پر مذاکرات آگے بڑھ چکے ہیں، اور ہم بہت جلد باقی معاملات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں اپنی سرحدوں کے اندر حماس کی دراندازی کے بعد غزہ میں فوجی آپریشن شروع کیا، حماس نے 1,200 افراد کو ہلاک اور 250 سے زائد اسرائیلیوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

اس وقت سے، فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں 46,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، پورے خطے میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور آبادی کی اکثریت بے گھر ہو گئی ہے۔

کئی مہینوں سے، دونوں فریق عام طور پر حماس کے یرغمالیوں اور اسرائیلی حراست میں قید فلسطینیوں کی رہائی کے بدلے میں دشمنی ختم کرنے کے اصول پر متفق ہیں۔ تاہم، حماس نے مسلسل کہا ہے کہ کسی بھی معاہدے کے نتیجے میں دشمنی کے مستقل خاتمے اور غزہ سے اسرائیلی انخلاء ضروری ہے، جب کہ اسرائیل نے زور دے کر کہا ہے کہ جب تک حماس کو ختم نہیں کیا جاتا وہ اس تنازع کو ختم نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں  روس کی افواج یوکرین میں تیز ترین پیش قدمی کر رہی ہیں، تجزیہ کار

ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی معاہدے کی ڈیڈ لائن

20 جنوری کو ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کو جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی غیر سرکاری ڈیڈ لائن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے ان کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

سکریٹری آف اسٹیٹ بلنکن نے اشارہ کیا کہ مذاکرات کار اس بات کو یقینی بنانے کے خواہشمند ہیں کہ ٹرمپ جاری مذاکرات کے لیے حمایت برقرار رکھیں گے، جس میں بائیڈن کے ایلچی، بریٹ میک گرک کے ساتھ، ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی، اسٹیو وٹ کوف کی شرکت ضروری ہے۔

مجوزہ معاہدے کے بارے میں میڈیا کو اپ ڈیٹ فراہم کرنے والے ایک اسرائیلی اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں 33 یرغمالیوں کی رہائی شامل ہوگی، جن میں بچے، خواتین (جن میں سے کچھ خواتین فوجی ہیں)، 50 سال سے زائد عمر کے مرد اور وہ لوگ شامل ہوں گے۔ جو زخمی یا بیمار ہیں۔

دوسرے مرحلے کے لیے بات چیت کا آغاز جنگ بندی کے 16ویں دن ہو گا، جس میں باقی زندہ یرغمالیوں، مرد فوجی اور فوجی عمر کے مردوں — کے ساتھ ساتھ مقتول یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اس معاہدے کے تحت فوجیوں کا بتدریج انخلاء ہوگا، اسرائیلی فوجیں اسرائیلی قصبوں اور دیہاتوں کی حفاظت کے لیے سرحد پر تعینات رہیں گی۔ غزہ کے جنوبی کنارے پر فلاڈیلفی کوریڈور میں حفاظتی اقدامات قائم کیے جائیں گے، اسرائیل معاہدے کے شروع ہونے کے فوراً بعد بعض علاقوں سے انخلاء کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  صدر پیوٹن نے جوہری ڈاکٹرائن میں تبدیلی کر کے مغرب کو نئی وارننگ دے دی

 شمالی غزہ کے غیر مسلح باشندوں کو علاقے میں ہتھیاروں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے حفاظتی انتظامات کے ساتھ واپس جانے کی اجازت ہوگی۔ مزید برآں، اسرائیلی افواج وسطی غزہ میں نتساریم راہداری سے پیچھے ہٹ جائیں گی۔

اسرائیلی اہلکار نے بتایا کہ قتل یا سنگین حملوں کے مرتکب فلسطینی عسکریت پسندوں کو بھی رہا کیا جا سکتا ہے، حالانکہ یہ تعداد زندہ یرغمالیوں کی تعداد پر منحصر ہوگی، جو کہ غیر یقینی ہے اور 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے میں ملوث افراد کو تبادلے کی فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔ .


Discover more from Defence Talks Urdu | Defense News Military Pictures

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

آصف شاہد
آصف شاہد
آصف شاہد صحافت کا پچیس سالہ تجربہ رکھتے ہیں ۔ وہ ڈیفنس ٹاکس کے ایڈیٹر ہیں ۔انہوں نے اپنی صلاحیتوں ، وسیع صحافتی تجربے اور مطالعہ سے ڈیفنس ٹاکس کو دفاع، سلامتی اور سفارت کاری سے متعلق ایک ایسا پلیٹ فارم بنا دیا ہے ۔ جس کے سنجیدہ اردو قارئین ایک مدت سے منتظر تھے ۔ آصف شاہد یہ ذمہ داری سنبھالنے سے پہلے متعدد قومی اخبارات اور ٹی وی چینلوں میں مختلف عہدوں پر کام کر چکے ہیں ۔ انہوں نے خبریں گروپ میں جوائنٹ ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور قارئین کو اعلیٰ معیار کے مواد کی فراہمی پر روایت ساز ایڈیٹر ضیا شاہد سے داد پائی۔ انہوں نے میڈیا کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے منظر نامے میں موافقت کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پرنٹ میڈیا کے بجائے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کو منتخب کیا ۔ڈان ٹی وی پر لکھے گئے ان کے فکر انگیز کالم حوالے کے زمرے میں شمار ہوتے ہیں ۔ان کالموں نے ریٹینگ میں بھی نمایاں درجہ حاصل کیا۔وہ تاریخ ، ادب اور کئی زبانوں کا علم رکھتے ہیں ۔وہ قارئین کو خطے کی سیاست ، سلامتی اور سماجی پیش رفت کے درمیان پیچیدہ تعامل کے بارے میں باریک بینی اور وضاحت کے ساتھ آگاہ کرتے ہیں ۔مذہب کے مطالعہ کی وجہ سے مذہبی تحریکوں کی سوچ کو سمجھتے ہیں اور یہ ان کے لیے قارئین کو عالم اسلام اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے درست پس منظر میں پیش کرنے کے لیے مدد گار ہے ۔
spot_imgspot_img