پیر, 14 جولائی, 2025

تازہ ترین

متعلقہ تحریریں

بھارت کی فضائی طاقت سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے چین کا FD-2000 میزائل ڈیفنس سسٹم حاصل کر لیا

جنوبی ایشیائی جغرافیائی سیاست کے لیے ایک اہم تبدیلی میں، پاکستان ایئر فورس نے جدید چینی فضائی دفاعی نظام کو اپنی فوجی انوینٹری میں شامل کیا ہے، جس میں FD-2000، HQ-16FE، اور HQ-9BE شامل ہیں۔ 2025 کے اوائل میں رپورٹ ہونے والی یہ پیشرفت پاکستان اور چین کے درمیان فوجی تعلقات کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ علاقائی کشیدگی، خاص طور پر بھارت کے ساتھ پاکستان کے تزویراتی ردعمل پر روشنی ڈالتی ہے۔

زمین سے فضا میں مار کرنے والے یہ جدید میزائل سسٹمز پاکستان کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کی نمایاں کوشش کی نشاندہی کرتے ہیں، جو ممکنہ طور پر اتار چڑھاؤ کے حامل خطے میں طاقت کی حرکیات کو نئی شکل دے سکتے ہیں۔ پاکستان کی جدید فضائی دفاعی نظام کی جستجو کی جڑیں بھارت کے ساتھ دیرینہ دشمنی سے جڑی ہوئی ہیں۔

دونوں ایٹمی طاقتیں کشمیر اور دیگر معاملات پر تنازعات میں مصروف ہیں، فضائی برتری ان کی فوجی حکمت عملی کا ایک اہم عنصر ہے۔ پاکستان کے لیے، ہندوستان کی بڑی اور مالی طور پرزیادہ مضبوط فوج کے خلاف قابل اعتماد ڈیٹرنٹ کو یقینی بنانا ایک اسٹریٹجک ضرورت ہے۔

چینی سسٹمز کی خریداری جیسے FD-2000، HQ-9 کا ایک برآمدی ویرئینٹ، مغربی ٹیکنالوجی پر انحصار سے بیجنگ کے ساتھ قریبی شراکت داری کی طرف منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ تعاون 1980 کی دہائی سے بتدریج فروغ پا رہا ہے، جب پاکستان نے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں اتار چڑھاؤ کے جواب میں اپنے دفاعی ذرائع کو متنوع بنانا شروع کیا۔

FD-2000، HQ-16FE اور HQ-9BE کے ساتھ، لڑاکا طیاروں سے لے کر کروز میزائل تک، فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی صلاحیت میں خاطر خواہ ترقی کی نشاندہی کرتا ہے۔

FD-2000، جسے چین کی پرسژن مشینری امپورٹ-ایکسپورٹ کارپوریشن نے بنایا ہے، طویل فاصلے تک زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل سسٹم ہے جس کا مقصد مختلف خطرات کو نشانہ بنانا ہے۔ یہ ہوائی جہاز کے لیے 125 کلومیٹر اور کروز میزائلوں کے لیے 25 کلومیٹر تک کی رینج کا حامل ہے، جس سے یہ اپنے جدید ترین ریڈار اور گائیڈڈ ٹیکنالوجی کی وجہ سے ایک ہی وقت میں متعدد اہداف کو ٹریک کرنے اور انگیج کرنے کے قابل بنتا ہے۔

یہ نظام درست ٹارگٹ انٹرسیپشن کے لیے inertial نیویگیشن، مڈ کورس ڈیٹا لنک اپ ڈیٹس، اور ٹرمینل ایکٹو ریڈار ہومنگ کا مرکب استعمال کرتا ہے۔ اس کا HT-233 الیکٹرانکلی اسکینڈ ریڈار پتہ لگانے کی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے، جو اسے کروز میزائل جیسے کم اونچائی والے خطرات کے خلاف موثر بناتا ہے۔

امریکی پیٹریاٹ PAC-3 جیسے مغربی نظاموں کے مقابلے میں، جو طیاروں کو تقریباً 96 کلومیٹر فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، FD-2000 کم قیمت پر مسابقتی کارکردگی فراہم کرتا ہے، جو کہ پاکستان جیسی محدود بجٹ فوج کے لیے بہت اہم ہے۔ تاہم، پیٹریاٹ کی ہٹ ٹو کِل ٹیکنالوجی کے برعکس، FD-2000 کا انحصار پراکسی مٹی فیوزڈ وار ہیڈ پر ہے، جو بیلسٹک میزائل کے بعض خطرات کے خلاف کم موثر ہو سکتا ہے۔

HQ-16FE، ایک اور چینی نظام جو اب پاکستان کے ہتھیاروں کا حصہ ہے، FD-2000 کے درمیانے سے طویل فاصلے کے ہم منصب کے طور پر کام کرتا ہے۔ 25 سے 160 کلومیٹر کی رینج اور 27 کلومیٹر تک کی اونچائی کے ساتھ، اسے لڑاکا سائز کے طیاروں اور کروز میزائلوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ سسٹم ڈوئل موڈ سیمی ایکٹیو اور ایکٹو ریڈار ہومنگ سیکر کو استعمال کرتا ہے، جسے 2D ایکٹیو اسکیننگ فیزڈ ارے ریڈار کی مدد حاصل ہے جس کی 250 کلو میٹر کی ڈیٹیکشن رینج ہے۔ یہ ریڈار 12 اہداف کو ٹریک کر سکتا ہے اور بیک وقت آٹھ کو نشانہ بنا سکتا ہے، متعدد خطرات کے خلاف جامع کوریج کو یقینی بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  صدر ٹرمپ دورہ ریاض کے دوران اسرائیل سے تعلقات کا موضوع زیر بحث نہ لائیں، سعودی عرب کا واشنگٹن کو واضح پیغام

HQ-16FE پاکستان کے فضائی دفاع کے فریم ورک میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، تھیلس کروٹیل جیسے مختصر فاصلے کے نظام کو FD-2000 جیسے لانگ رینج آپشنز کے ساتھ مؤثر طریقے سے جوڑتا ہے۔ روسی بک میزائل فیملی کی ٹیکنالوجی پر انحصار اس کے قابل اعتماد ہونے کی دلیل ہے ، حالانکہ جدید اسٹیلتھ طیاروں کے خلاف اس کی تاثیر کو حقیقی لڑائی میں ثابت کرنا باقی ہے۔

HQ-9BE، HQ-9 سیریز کا ایک زیادہ جدید ترین ورژن، پاکستان کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے، جس میں طیاروں کے لیے 260 کلومیٹر اور ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائلوں کے لیے 25 کلومیٹر تک کی رینج ہوتی ہے۔ اس کا جدید گائیڈنس سسٹم، جس میں JSG-400 ٹارگٹ ڈیزینیشن ریڈار اور JPG-600 سرویلنس ریڈار شامل ہیں، خاص طور پر بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی میزائل صلاحیتوں کی وجہ سے اہم ہوتا جا رہا ہے۔

یہ نظام 20 میٹر سے کم اونچائی پر کروز میزائلوں اور 18 کلومیٹر تک فضا سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ FD-2000 کے برعکس، جو کہ پرانے HT-سیریز کے ریڈاروں پر انحصار کرتا ہے، HQ-9BE الیکٹرانک جنگ کے خلاف اپنی اثرپذیری کو بہتر بنانے کے لیے الیکٹرانک کاؤنٹر میژرز اور ڈیکوئی سسٹمز سے لیس ہے۔ اگرچہ اس کے پاس روس کے S-400 کی جامع اینٹی بیلسٹک میزائل صلاحیتیں نہیں ہیں، جو بھارت کے زیر استعمال ہے، HQ-9BE پاکستان کو سٹریٹجک دفاع کے لیے زیادہ بہتر اقتصادی حل پیش کرتا ہے۔

پاکستان کے فضائی دفاع کو جدید بنانا ایک دیرینہ اقدام ہے، جس کی جڑیں کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ 1960 اور 1970 کی دہائیوں کے دوران، پاکستان ہاک میزائل جیسے امریکی سسٹمز پر انحصار کرتا تھا، جو کم اونچائی کے خطرات کے خلاف محدود دفاع کی صلاحیت رکھتا تھا۔ 1980 کی دہائی میں پاکستان نے یورپی نظاموں کی طرف رجوع کیا، بشمول فرانسیسی کروٹیل، جو آج بھی فعال ہے۔ تاہم، 1990 کی دہائی میں امریکی پابندیوں نے، پاکستان کے جوہری عزائم کی وجہ سے، مغربی ٹیکنالوجی تک رسائی میں رکاوٹ ڈالی، جس کی وجہ سے اسلام آباد بیجنگ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنا نے کی طرف راغب ہوا۔

2021 میں پاکستان آرمی کی طرف سے HQ-9P کا حصول ایک اہم پیشرفت کی نمائندگی کرتا ہے، جو 125 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ اعلی سے درمیانے اونچائی تک دفاعی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ FD-2000، HQ-16FE، اور HQ-9BE کا شامل ہونا اس فریم ورک کو بڑھاتا ہے، جس سے ایک کثیر سطحی دفاعی نیٹ ورک قائم ہوتا ہے جس کا مقصد ہندوستان کی پھیلتی ہوئی فضائی اور میزائل صلاحیتوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  صدر زیلنسکی کریمیا کا علاقہ روس کے حوالے کرنے پر تیار ہیں، ٹرمپ

چینی نظاموں پر پاکستان کا سٹریٹجک انحصار کئی عوامل پر مبنی ہے۔ چین مغربی یا روسی نظاموں کے مقابلے میں زیادہ سستے آپشنز پیش کرتا ہے، جو پاکستان کی اقتصادی حالت کے پیش نظر انتہائی اہم ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری، 62 بلین ڈالر کے بنیادی ڈھانچے کے اقدام نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا ہے، جس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور JF-17 تھنڈر فائٹرز جیسے مشترکہ منصوبوں کو تشکیل دیا گیا ہے۔

روس کے برعکس، جو بھارت کو S-400 جیسے جدید نظام فراہم کرتا ہے، چین کے پاس خطے میں مسابقت نہیں، جو اسے پاکستان کے لیے ایک قابل اعتماد اتحادی بناتا ہے۔

S-400 سسٹم، 380 کلومیٹر کی رینج اور 80 اہداف کو ٹریک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہندوستان کو اسٹریٹجک فائدہ فراہم کرتا ہے۔ تاہم، پاکستان کی کثیر سطحی دفاعی حکمت عملی، جس میں FD-2000، HQ-16FE، اور HQ-9BE نظام شامل ہیں، اس فائدے کو کم کر دیتے ہیں۔ اس کے جواب میں، بھارت اپنے بیلسٹک میزائل اقدامات کو تیز کر سکتا ہے یا پاکستان کے دفاع کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیےاضافی رافیل لڑاکا طیاروں کے ساتھ اپنے بیڑے کو بڑھا سکتا ہے۔

2019 کے بالاکوٹ فضائی حملے، جس کے دوران ہندوستانی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، نے اسلام آباد کے فضائی دفاع فریم ورک میں کمزوریوں کا انکشاف کیا، جس سے ممکنہ طور پر جدت کی موجودہ کوششوں کو تقویت ملی۔ پاکستان کا نیا دفاعی نظام بھارت کی فضائی کارروائیوں کو پیچیدہ بنا سکتا ہے، جس سے نئی دہلی اسٹیلتھ صلاحیتوں یا الیکٹرانک جنگی حکمت عملیوں پر زیادہ سے زیادہ انحصار کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔

پاکستان اور بھارت سے ہٹ کر دفاعی سپلائر کے طور پر چین کی شمولیت کے عالمی سطح پر اہم اثرات ہیں۔ پاکستان میں HQ-9 سیریز کی کامیابی، بشمول FD-2000، بین الاقوامی ہتھیاروں کی منڈی میں چین کی پوزیشن کو بلند کر سکتی ہے، جہاں وہ امریکہ اور روس سے مقابلہ کرتا ہے۔ ابوظہبی میں IDEX 2025 دفاعی نمائش میں، چین نے HQ-9BE پیش کیا، جس میں مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک نے دلچسپی ظاہر کی۔

مصر کی جانب سے 2025 میں HQ-9B کا حصول چین کی بڑھتی ہوئی برآمدی صلاحیتوں کو نمایاں کرتا ہے۔ مغربی دفاعی نظام کے برعکس، جو اکثر سیاسی شرائط کے ساتھ آتے ہیں، چینی آپشنز زیادہ لچک اور کم لاگت کے ساتھ ہیں، جو انہیں امریکی یا یورپی اثر و رسوخ سے محتاط قوموں کے لیے پرکشش بناتے ہیں۔

اس کے باوجود، چینی نظاموں کے قابل بھروسہ ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات برقرار ہیں، کچھ ماہرین نے ففتھ جنریشن فائٹرز جیسے جدید خطرات کے خلاف ان کی تاثیر پر سوال اٹھایا ہے۔ آپریشنل رکاوٹیں پاکستان کی امنگوں کو کمزور کر سکتی ہیں، کیونکہ FD-2000، HQ-16FE، اور HQ-9BE کو ایک متحد نیٹ ورک میں ضم کرنے کے لیے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور اچھے تربیت یافتہ اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ جبکہ پاکستان کے فضائی دفاعی یونٹس کو کروٹیل جیسے پرانے سسٹمز کا تجربہ ہے، وہ ان جدید ترین پلیٹ فارمز کو سیکھنے میں دشواری کا سامنا کرسکتے ہیں۔

اسپیئر پارٹس کا حصول اور پیچیدہ ریڈار سسٹم کی دیکھ بھال سمیت لاجسٹک چیلنجز پاکستان کے دفاعی بجٹ پر دباؤ ڈال سکتے ہیں۔ 2022 کی رپورٹس نے Crotale 4000 کو بڑھانے کے ارادوں کا انکشاف کیا، جو کہ کمیوں کو دور کرنے کے لیے پرانے سسٹمز پر انحصار کی نشاندہی کرتا ہے۔ مزید برآں، پاکستان کا مقامی LOMADS منصوبہ ، 100 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا میزائل سسٹم، ابھی بھی ترقی کے مراحل میں ہے، جو خود کفالت کے حصول میں مشکلات کو واضح کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  جاپان اور چین کے وزرا خارجہ نیویارک میں ملاقات کریں گے

وسیع جغرافیائی سیاسی منظر نامے نے پاکستان کی فضائی دفاع حکمت عملی کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ امریکہ، جو کبھی پاکستان کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے والا بنیادی ملک تھا، نے 1990 کی دہائی سے اپنی شمولیت کو کم کر دیا ہے، اور اپنی توجہ دہشت گردی کے خلاف تعاون پر مرکوز کر دی ہے۔

اس کے برعکس، چین کی حمایت بھارت کا مقابلہ کرنے اور بحر ہند کے علاقے میں اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے اس کی وسیع حکمت عملی کے مطابق ہے۔ 2025 میں پاکستان کو چین کے J-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کی متوقع فروخت، علاقائی توازن کو مزید تبدیل کر سکتی ہے، جس سے بھارت ففتھ جنریشن فائٹرز پروگرام کو تیز کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔

امریکہ کے لیے، چین کے ساتھ پاکستان کی صف بندی ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ اور جنوبی ایشیا میں مغربی اثر و رسوخ میں کمی کے بارے میں خطرے کی گھنٹی بجاتی ہے۔ تزویراتی طور پر، پاکستان کی فضائی دفاع کی توسیع ایک کلاسک مخمصے کی عکاسی کرتی ہے: فوجی جدت کے ذریعے سلامتی کی جستجو سے ایک زیادہ غالب پڑوسی کے ساتھ تناؤ بڑھنے کا خطرہ ہے۔

FD-2000، HQ-16FE، اور HQ-9BE سسٹمز فضائی خطرات کو روکنے کے لیے پاکستان کی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں، پھر بھی وہ بھارت کی طرف سے جوابی کارروائیوں کو بھڑکا سکتے ہیں، ممکنہ طور پر کشیدگی کو تیز کر سکتے ہیں۔ ان سسٹمز کی افادیت کا انحصار پاکستان کی ان کو ایک مربوط دفاعی نیٹ ورک میں شامل کرنے کی صلاحیت پر ہوگا، یہ چیلنج تکنیکی اور مالیاتی مسائل کی وجہ سے مزید مشکل بنا ہوا ہے۔

مزید برآں، چینی ٹیکنالوجی پر انحصار پاکستان کی سلامتی کو بیجنگ کے سٹریٹجک مفادات سے جوڑتا ہے، جس سے اس خطے میں خود مختاری کے بارے میں خدشات بڑھتے ہیں جس کی وجہ سے بڑی طاقتوں کی دشمنی میں شدت آتی ہے۔

 جنوبی ایشیا کے پیچیدہ منظر نامے میں ، پاکستان کے اپنے فضائی دفاعی نظام کی جدت کے اثرات برصغیر سے نکل کر دور تک پہنچ جاتے ہیں۔ جدید ترین ہتھیاروں کے بنیادی فراہم کنندہ کے طور پر چین کا عروج اسلحہ برآمد کنندگان کے لیے ایک چیلنج ہے، جس سے عالمی دفاعی منڈیوں کی حرکیات بدل رہی ہیں۔

پاکستان کے لیے، FD-2000 اور اس جیسے سسٹمز فضائی خطرات کے خلاف اپنی لچک کو بڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ تاہم، ان کی تاثیر کا انحصار آپریشنل چیلنجوں سے نمٹنے اور جغرافیائی سیاسی نتائج کو نیویگیٹ کرنے پر ہے۔ کیا یہ نظام پاکستان کو ایک اہم دفاعی طاقت بنا دیں گے، یا اسے مزید ایک مسابقتی علاقائی دشمنی میں الجھا دیں گے؟ اس کا نتیجہ آنے والے کئی سالوں تک جنوبی ایشیائی سلامتی کی رفتار کو متاثر کر سکتا ہے۔

آصف شاہد
آصف شاہدhttps://urdu.defencetalks.com
آصف شاہد صحافت کا پچیس سالہ تجربہ رکھتے ہیں ۔ وہ ڈیفنس ٹاکس کے ایڈیٹر ہیں ۔انہوں نے اپنی صلاحیتوں ، وسیع صحافتی تجربے اور مطالعہ سے ڈیفنس ٹاکس کو دفاع، سلامتی اور سفارت کاری سے متعلق ایک ایسا پلیٹ فارم بنا دیا ہے ۔ جس کے سنجیدہ اردو قارئین ایک مدت سے منتظر تھے ۔ آصف شاہد یہ ذمہ داری سنبھالنے سے پہلے متعدد قومی اخبارات اور ٹی وی چینلوں میں مختلف عہدوں پر کام کر چکے ہیں ۔ انہوں نے خبریں گروپ میں جوائنٹ ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور قارئین کو اعلیٰ معیار کے مواد کی فراہمی پر روایت ساز ایڈیٹر ضیا شاہد سے داد پائی۔ انہوں نے میڈیا کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے منظر نامے میں موافقت کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پرنٹ میڈیا کے بجائے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کو منتخب کیا ۔ڈان ٹی وی پر لکھے گئے ان کے فکر انگیز کالم حوالے کے زمرے میں شمار ہوتے ہیں ۔ان کالموں نے ریٹینگ میں بھی نمایاں درجہ حاصل کیا۔وہ تاریخ ، ادب اور کئی زبانوں کا علم رکھتے ہیں ۔وہ قارئین کو خطے کی سیاست ، سلامتی اور سماجی پیش رفت کے درمیان پیچیدہ تعامل کے بارے میں باریک بینی اور وضاحت کے ساتھ آگاہ کرتے ہیں ۔مذہب کے مطالعہ کی وجہ سے مذہبی تحریکوں کی سوچ کو سمجھتے ہیں اور یہ ان کے لیے قارئین کو عالم اسلام اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے درست پس منظر میں پیش کرنے کے لیے مدد گار ہے ۔

جواب دیں

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا

مقبول ترین